ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کانگریس نے دہلی میں اکیلے انتخابات لڑنے کا فیصلہ کیا

کانگریس نے دہلی میں اکیلے انتخابات لڑنے کا فیصلہ کیا

Tue, 05 Mar 2019 22:54:28    S.O. News Service

نئی دہلی،05 ؍مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) دہلی میں کانگریس اور عام آدمی پارٹی (آپ) کے درمیان آئندہ لوک سبھا انتخابات میں اتحاد کے امکان کو لے کر کافی دنوں سے چلی آرہی قیاس آرائیوں پر منگل کو اس وقت روک لگ گئی جب کانگریس نے فیصلہ کیا کہ وہ قومی دارالحکومت میں اکیلے الیکشن لڑے گی۔

کانگریس صدر راہل گاندھی نے منگل دوپہر دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کی صدر شیلا دکشت اور ریاستی یونٹ کے دوسرے سینئر لیڈروں کے ساتھ ملاقات کی۔اس میٹنگ میں شامل تقریبا تمام رہنماؤں نے آپ کے ساتھ تال میل نہ کرنے کی رائے ظاہر کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں راہل گاندھی نے کہا کہ پارٹی اکثریت کی رائے کے ساتھ جائے گی۔یعنی پارٹی اکیلے الیکشن لڑے گی۔بعد میں شیلا دکشت نے کہا کہ پارٹی دہلی میں عام آدمی پارٹی سے اتحاد نہیں کرے گی اور رہنماؤں نے متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا ہے۔میٹنگ میں شامل رہے ڈی پی سی سی کے ایگزیکٹو چیئرمین راجیش للوٹھیا نے کہاکہ ہم نے راہل جی کو اپنی رائے سے آگاہ کیا اور انہوں نے کہا کہ جو آپ لوگ چاہتے ہیں، وہی میں چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ ہم کبھی بھی آپ کے ساتھ اتحاد نہیں چاہتے تھے۔یہ سب میڈیا میں قیاس آرائیاں چل رہی تھیں۔ہماری طرف سے کوئی بات نہیں ہوئی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کے دہلی انچارج پی سی چاکو آپ کے ساتھ اتحاد کے حق میں تھے، لیکن ریاستی یونٹ کے بیشتر سینئر لیڈروں نے اکیلے الیکشن لڑنے کی بات کی۔چاکو کا کہنا تھا کہ پارٹی کو اس وقت بی جے پی اور نریندر مودی کو شکست دینے کی حکمت عملی پر آگے بڑھنا چاہئے اور قومی دارالحکومت میں کیجریوال کی پارٹی کے ساتھ جانا چاہئے۔ راہل گاندھی کے ساتھ ملاقات میں شیلا دکشت، پی سی چاکو، سابق پی سی سی صدر جے پی اگروال، سبھاش چوپڑا، اروندر سنگھ لولی، اجے ماکن اور موجودہ ایگزیکٹو چیئرمین راجیش للوٹھیا اور ہارون یوسف شامل رہے اور کچھ دیگر سینئر لیڈر شامل رہے۔


Share: